بھارت:بجلی کا ٹرانسفارمر پھٹنے سے 16 افراد ہلاک،11زخمی
بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں دریائے الکنندا کے کنارے ایک سرکاری پروجیکٹ کی سائٹ پر بجلی کا ٹرانسفارمر پھٹنے سے 16 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
بدھ کو اتراکھنڈ کے چمولی ضلع میں نمامی گنگا پروجیکٹ سائٹ پر ایک ٹرانسفارمر پھٹنے سے کم از کم 16 افراد ہلاک اور 11 افراد زخمی ہوگئے۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مجسٹریل انکوائری کا حکم دیا ہے۔
بجلی کا کرنٹ لگنے سے 16 افراد کی وفات کا یہ افسوسناک واقعہ دریائے الکنندا کے کنارے نمامی گنگا پروجیکٹ سائٹ پر پیش آیا۔
مرنےوالوں میں ایک پولیس سب انسپکٹر اور پانچ ہوم گارڈز بھی شامل ہیں۔ مرنےوالے بیشتر افراد پھٹنےوالے ٹرانسفامر سے دور تھے لیکن گیلی زمین میں کرنٹ پھیلنے سے وہ بھی بجلی کے شاک کا شکار ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ بجلی کی لائن پر کام کرتے ہوئے ٹرانسفارمر پھٹنےسے پیش آیا، بجلی کا کرنٹ پورے کیمپ میں نم آلود زمین پر پھیل گیا تھا اور آس پاس میوجود دھات کی کئی اشیا میں بھی بجلی کا کرنٹ آ گیا تھا جن میں سیڑھیوں کی حفاظتی ریلنگ بھی شامل تھی۔
اتراکھنڈ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اشوک کمار نے بتایا کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں پپل کوٹی کی ایک چوکی کا انچارج بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمر کو کچھ کارکن ٹھیک کر رہے تھے جب یہ پھٹ گیا۔ دھماکے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
No comments