خیبر پختونخوا میں الیکشن کب ہوں گے ؟گورنر نے الیکشن کمیشن کو جواب دیدیا
الیکشن کمیشن کی طرف سے خط ملنے کے بعد گورنرخیبر پختونخوا حاجی غلام علی نےکہا کہ پختونخوا میں 30 اپریل کو انتخابات نہیں ہوسکتے ، یہاں پراکتوبر نومبر میں ہی انتخابات ہوسکتے ہیں ۔
تفصیلات کےمطابق اپنے ایک بیان میں گورنر کےپی کے حاجی غلام علی نے کہا کہ کے پی کے میں الیکشن اکتوبر نومبر میں ہو سکتے ہیں۔پنجاب میں انتخابات کا فیصلہ گورنر نے کرنا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کو دیکھا جا رہا ہے ہمیں ریاست کو بچانا ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن نے گورنر کے پی کے غلام علی کو بھی خط لکھا ہے ۔ جس میں گورنر کے پی سے پولنگ ڈے کی تاریخ مانگی گئی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو خط لکھ کر پنجاب کے انتخابات کے لیے 30 اپریل سے 7 مئی تک تاریخ تجویز کی تھی۔ صدر عارف علوی نے 30 اپریل کو انتخابات کرانے کی منظوری دے دی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت عارف علوی کو پنجاب کے انتخابات سے متعلق خط لکھ دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب کے انتخابات کے لیے 30 اپریل سے 7 مئی تک تاریخ تجویز کر دی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آپ کے جواب کے منتظر ہیں۔ پنجاب میں انتخابات کیلئے اتوار کا دن ترجیحی بنیادوں پر مقرر کیا جائے۔ خط میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور الیکشن ایکٹ کی سیکشن 57 اور 58 کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

No comments