کوئی یہ سمجھتا ہے کہ گھٹنے ٹیک دوں گا تو یہ نہیں ہوسکتا:عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ کوئی یہ سمجھتا ہے کہ گھٹنے ٹیک دوں گا تو یہ نہیں ہوسکتا۔
زمان پارک لاہور میں صحافیوں سے گفتگو عمران خان کا کہنا تھا کہ میری اسٹیبلشمنٹ سے کوئی لڑائی نہیں۔ ملک کی بہتری کےلیے آرمی چیف سے بات کرنے کو تیار ہوں۔ اب کوئی بات کرنے کو تیار نہیں تو میں کیا کروں۔ ایسے لگتا ہے آرمی چیف مجھے اپنا دشمن سمجھ رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں چیلنج کرتا ہوں مجھ پر اور اہلیہ پر کرپشن کا ایک کیس ثابت کر دیں۔ ہماری اسٹیبلشمنٹ کو سمجھ نہیں ہے کہ سیاست کیا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا زور لگایا گیا کہ پرویز الہیٰ میرا ساتھ چھوڑ دیں، اب ہم نے پرویزالہیٰ کے ساتھ وفاداری دکھانی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اطلاع تھی کہ مجھے ایئرپورٹس سے گرفتار کر کے بلوچستان لے جانا چاہتے تھے اسی لئے اسلام آباد بذریعہ روڈ جانے کا فیصلہ کیا۔ جنہوں نے میری حفاظت کرنی ہے مجھے ان سے ہی خطرہ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے میری کمر میں چاقو مارا۔ جنرل باجوہ نے روس کی مخالف میں تقریر کی، اس تقریر پر ان کا کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔
پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کے سوال پر عمران خان نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ اس کا فیصلہ ابھی کر لیا تو قتل عام ہو جائے گا۔ ایک اور سوال پر کہا کہ محمد بن سلمان اب بھی میرے ساتھ رابطے میں ہیں۔

No comments