واپڈا افسران کے مفت یونٹ بند کئے جائیں، رکن قومی اسمبلی

قومی اسمبلی میں منی بجٹ کے اجلاس میں اپوزیشن رکن قومی اسمبلی اور پارلیمنٹ کی پبلک اکانٹس کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاہے کہ واپڈا افسران کو آپ 13سو یونٹ مفت دیتے ہیں اور غریب آدمی سے بل لیتے ہیں، مفت یونٹ دینے کا سلسلہ بند کریں، ٹیکس کلیکشن والے چور ہیں،عوام تو ٹیکس دیتے ہیں، آپ اپنے اداروں کو تو لگام دیں، اگر آپ ٹیکس لگاتے ہیں تو کچھ سہولت تو دیں، غریب کیلئے صرف نعرے لگانا زیادتی ہوگی۔بدھ کوایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے نور عالم خان نے کہاکہ دوائیں مہنگی ہوگئیں، 15روپے والی دوا اب 100روپے کی ملے گی۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہاکہ واپڈا افسران کو آپ 13سو یونٹ مفت دیتے ہیں اور غریب آدمی سے بل لیتے ہیں، مفت یونٹ دینے کا سلسلہ بند کریں، عوام لوڈ شیڈنگ سے تنگ ہوتے ہیں اور افسر ٹھنڈے کمروں میں بیٹھے ہوتے ہیں، واپڈا افسران کو لاکھوں روپے تنخواہ،گاڑی اور بے شمار مراعات دے رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کہتے ہیں قرضے معاف کریں گے مگر سیلاب زدگان کے قرضے کیوں معاف نہیں کئے؟ اگر آپ ٹیکس لگاتے ہیں تو کچھ سہولت تو دیں، غریب کیلئے صرف نعرے لگانا زیادتی ہوگی، غریب کیلئے بجلی مہنگی نہ کریں،15ہزارتنخواہ والا کیسے بل دے گا؟نور عالم خان نے کہاکہ ٹیکس کلیکشن والے چور ہیں،عوام تو ٹیکس دیتے ہیں، آپ اپنے اداروں کو تو لگام دیں،گرین چینلز پراسمگلنگ ہوتی ہے، کون مالک ہے اس سے پوچھا جائے کہ افغانستان ڈالرکیسے جارہے ہیں؟بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی  نے اجلاس جمعہ صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا۔خیال رہے کہ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ضمنی مالیاتی بل (منی بجٹ)2023قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کردیا۔منی بجٹ میں لگژری اشیا پر سیلز ٹیکس 17سے 25فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

No comments

Powered by Blogger.