یاسمین راشد اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی
پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ آڈیو میں سابق صوبائی وزیر یاسمین راشد نے غلام محمود سے سوال کیا کہ ڈوگر صاحب،آپ کا کیا حال ہے،کوئی اچھی خبر بتائیں آرڈر ہو گئے ہیں؟ غلام محمود ڈوگر نے جواب دیا کہ ابھی تک آرڈر نہیں ہوئے۔
یاسمین راشد نے پھر سوال پوچھا کہ ان کا ارادہ بھی ہے؟میں ویسے ہی پوچھ رہی ہوں۔ غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ نہیں نہیں وہ تو سپریم کورٹ سے آرڈر ہونے ہیں۔جیسے ہی آرڈر ہوں گے مل جائیں گے،ہمارے بندے وہاں بیٹھے ہیں،ڈاک پر دستخط ہوتے ہیں وہ عدالتی وقت کے بعد ملتی ہے۔ یاسمین راشد نے کہا اچھا تو وہ خان صاحب بہت کنسرن تھے،میں نے بتایا میری خبر کے مطابق ان کو ابھی تک آرڈر نہیں ملے،آج ہماری رات خاموشی سے گزر جائیں گی؟ میں ویسے ہی پوچھ رہی ہوں۔
غلام محمود ڈوگر نے جواب دیا اللہ تعالٰی خیر اور کرم کرے۔ یاسمین راشد نے پھر کہا میں نے آتے ساتھ ہی مشکل سوال کر دیا۔
دوسری جانب وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کی مبینہ آڈیو لیک پر ایف آئی اے کو تحقیقات کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔ وزارت داخلہ سے اجازت کے بعد ایف آئی اے نے آڈیو لیک کے حوالے سے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
آڈیو کا لاہور سے فرانزک ٹیسٹ کروایا جائے گا۔آڈیو درست ہونے پر مقدمہ درج کیا جائے گا اور مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ایک اور مبینہ آڈیو منظر عام پر آئی تھی،آڈیو میں چوہدری پرویز الٰہی عابد زبیری کو کہتے ہیں کہ محمد خان کا کیس ایک خاص جج جسٹس مظاہر علی اکبر کے پاس لگوانا ہے ۔ جواب میں عابد علی زبیری کہتا ہے کہ کیس فائل کردیا ہے سر۔ پرویز الٰہی کہتے ہیں ہاں فائل ہوگیا ہے۔ عابد زبیری نے کہا کہ میری کل بھی بات ہوئی تھی میں بھی جوجا صاحب سے معلوم کرلیتا ہوں میں چیک کرلیتا ہوں۔

No comments