جاوید اختر نے ایک مرتبہ پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے تمام حدیں پار کردی
بھارتی ڈرامہ نگار اور شاعر پاکستان سے متعلق دیے گئے متنازع بیان کی وجہ سے گزشتہ چند دنوں سے سرخیوں میں ہیں تاہم اب انہوں نے ایک مرتبہ پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے تمام حدیں پار کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جاوید اختر نے کہا ہے کہ اگر10 انسانی عظیم غلطیوں پر کتاب لکھی جائے توقیام پاکستان کا شمار اس میں ضرور ہوگا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وہ ممبئی میں تقسیم برصغیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مطالبہ غیر منطقی اور غیرمعقول تھا۔ یہ درست نہیں تھا تاہم پاکستان اب حقیقت ہے اسے قبول کرنا ہوگا۔
ان سے سوال پوچھا گیا تھا کہ کیا پاکستان کا قیام ایک غلطی تھی۔ جاوید اختر نے بھارت کو ہندو راشٹریہ بنانے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مذہب قوم نہیں بناتااگر ایسا ہوتا تو پورا مشرق وسطیٰ ایک قوم ہوتا، پورا یورپ دوسرا ملک ہوتا۔
جاوید اختر نے مزید کہا کہ برصغیر میں انگریزوں نے مذہب کی بنیاد پر قومیں تشکیل دینے کی کوشش کی تھی جس میں وہ ناکام رہے۔ انہوں نے پھر پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "آج ہم وہی کر رہے ہیں جو پاکستان نے 70 سال پہلے کیا تھا- آپ ہندو راشٹریہ چاہتے ہیں، ارے وہ ( پاکستان) اسلامی ملک نہیں بنا سکے، دنیا نہیں بنا سکی تو آپ کیا بنا لیں گے ۔"

No comments