جو بھی ڈی چوک آئےگا،اسے گرفتار کیا جائے گا،محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ ڈی چوک کو محفوظ بنانے کیلئے پولیس نگرانی کر رہی ہے ، جو بھی ڈی چوک آئےگا،اسے گرفتار کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوشش کی ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کو کم سے کم تکلیف ہو،سڑکیں اس طرح بند نہیں ہوئیں جیسے پہلے کی گئی تھیں۔
اسلام آباد میں غیر ملکی وفد پہنچ رہا ہے ،جہاں سے وفد نے گزرنا ہے اس روٹ پر آکر احتجاج کیا گیا ہے،پولیس نے مظاہرین سے روٹ کو کلیئر کروا لیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ موبائل سروس چل رہی ہے،انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے،احتجاج اور دھرنوں سے ملک کانقصان ہوتا ہے،احتجاج کے بعد بتائیں گے کہ معیشت و کاروبار کو کتنا نقصان ہوا،ڈرا ، دھمکا کر ان کو ایک فیصد بھی فائدہ نہیں ہو گا،کرم میں حالات اچھے نہیں،وفاقی حکومت جو کوشش کر سکتی ہے کر رہےہیں ۔
کاش دھاوا بولنے والے کرم میں جاں بحق افراد کے جنازوں میں شرکت کررہے ہوتے ،پنجاب میں اس وقت کوئی ریلی نہیں نکلی ،مظاہرین صرف خیبرپختونخوا سے آ رہے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کےحکم کے مطابق بیرسٹر گوہر سے کوئی جواب نہیں آیا،بیرسٹر گوہرخان سے ملکی حالات پر بات چیت ہوئی تھی ،آپ کو سوال ان سے کرنا چاہیے جو ایسے وقت پر دھاوا بولتے ہیں۔
جب وفود آ رہے ہوتے ہیں تو یہ کال کیوں دیتے ہیں ؟ ہم نے کل رات بھی افغان شہری پکڑے ہیں ،ان سے پوچھیں یہ احتجاج آپ کر رہے ہیں یا باہر سے آئے لوگ ؟تھریٹ الرٹ کو خیبرپختونخوا حکومت سے شیئر کیا ہے۔
No comments