منصفانہ انتخابات ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،فضل الرحمان
سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم اسلام آباد کا رخ کریں گے تو پھر کوئی نہیں روک سکتا۔
ایک تقریب سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے الیکشن کو مسترد کیا تھا اور آج بھی کرتے ہیں، ملک میں دوبارہ منصفانہ انتخابات ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام جماعتوں کی مشاورت مدارس کی رجسٹریشن پر اتفاق ہوا تھا، بل قومی اسمبلی میں پہنچ گیا لیکن پھر روک دیا گیا، مدارس کی آزادی اور حریت ہمارا نصب العین ہے، کسی کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) اسلام آباد کا رخ کرے گی تو کوئی نہیں روک سکتا، تحریک اٹھے گی تو میں سب سے آگے ہوں گا۔
’ہم ہر مسئلے پر ہنگامہ آرائی نہیں کرتے۔ اسلام کے قلعوں پر حملے بند کر دو ورنہ جواب ملے گا تو نہیں ٹھہر سکو گے۔ ہماری سیاست میں اعتدال ہے گفتگو پر یقین رکھتے ہیں۔ اپنی ناکامی قبول کرو، غلط روش و حکمرانی کی وجہ سے خون بہہ رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جو ہوا مجھے کسی پارٹی کے فیصلے سے غرض نہیں وہ اپنے فیصلے کے خود ذمہ دار ہیں، ہاں اگر ہم سے مشورہ لیں گے تو دیانت سے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک صوبے سے آنے والے قافلوں کو راستے دیے گئے، کہا گیا گولی نہیں چلانا چاہتے، پھر ڈی چوک پہنچنے پر گولیاں کیوں چلائیں؟ اسلام آباد میں تشدد کی مذمت کرتے ہیں مجھے اور میرے مخالفین کو احتجاج کا حق ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ سدھر جاؤ، عقل کے ناخن لو، وطن عزیز میں اسلام کے گروہ پر حملے بند کر دو، جواب ملے گا تو تم اپنے گھروں میں بھی نہیں ٹھہر سکو گے۔
No comments