*دوسو ملین مسافروں کے سفر کا سنگ میل عبور*
اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ لاہور، پاکستان میں نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کی ایک اہم ترقی ہے جو لاہور کے جدید انفراسٹرکچر کی عکاسی کرتا ہے۔اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت چین اور پاکستان کے درمیان مشترکہ منصوبہ ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان آہنی پوش دوستی کی علامت ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین نے حال ہی میں 200 ملین مسافروں کے سفر کا اہم سنگ میل عبور کیا ہے، اس موقع کو منانے کیلئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زوڈونگ نے تقریب میں شرکت کیلئے اورنج لائن ٹرین میں عام مسافروں کے ساتھ سواری کی۔ تقریب کا اہتمام انارکلی اسٹیشن پر کیا گیا، لاہور میں چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ چینی سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے سی پیک کی بدولت پاکستان کی معاشی ترقی کے سفر اور لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری کو خوش آئند قرار دیا، اورنج لائن میٹرو ٹرین حکام نے اس موقع کو یادگار بنانے کیلئے انہیں تحائف بھی پیش کیے۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین کا سنگ بنیاد 2015 میں رکھا گیا جس کو 2018 میں مکمل ہونا تھا لیکن تکنیکی اور قانونی رکاوٹوں کی بنیاد پر منصوبہ مکمل کمرشل آپریشنل 25 اکتوبر 2020 میں ہوا۔ اورنج لائن ٹرین ٹریک کی لمبائی 27.1 کلومیٹر جو ڈیرہ گجراں جی ٹی روڈ سے ہوتا ہوا لاہور جنکشن، میکلورڈ روڈ، ملتان روڈ اور علی ٹاؤن رائیونڈ روڈ جاکر اختتام پذیر ہوتا ہے جبکہ 26 ٹوٹل اسٹیشن ہیں۔ الیکٹرک ٹرینوں کی رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ جوکہ جدید سگنلنگ اور کمیونیکیشن سسٹم کے تحت چلتی ہیں، ٹرینیں مناسب فاصلہ اور سیفٹی ببل کے تحت چلتی ہیں جن کے ذریعے روزانہ تقریباً اڑھائی لاکھ مسافر وں کے سفر کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ منصوبے کی لاگت 400 ملین امریکی ڈالر ہیں جس کی فنڈنگ حکومت پنجاب اور چائنہ ایگزم بنک کی جانب سے کی گئی ہے جبکہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور چائنہ ریلز کے ذریعے منوبہ مکمل کیا گیا ہے۔سی پیک منصوبے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کنٹرول اینڈ کمانڈ سنٹر ڈیرہ گجراں میں ہے جہاں ٹرینوں کی الیکٹرک واشنگ اور فیزیکل فٹنس ٹیسٹ کے بعد ٹرینوں کو ٹریک پر لایا جاتا ہے، کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر میں ٹرینوں کی مکمل نگرانی کی جاتی ہے۔ منصوبے میں 3 فیصد چینی جبکہ 97 فیصد پاکستانی سٹاف کام کررہا ہے
اورنج لائن میٹرو ٹرین کی بدولت لاہور میں شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید اور سستی سفری سہولیات مہیا کی جارہی ہیں جوکہ شہریوں کے خوشگوار احساس کا باعث ہے۔حکومت پنجاب کیجانب سے لاہور میں میٹرو بس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے بعد شہر کے انفراسٹرکچر میں اضافے کیلئے گرین اور پرپل لائن منصوبوں پر بھی کام کرنے کا عندیہ دیا ہے جوکہ شہر میں سفری سہولیات میں بہترین اضافہ ثابت ہوگا۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین کا شاندار منصوبہ پاک چین تعاون کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے، اقتصادی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوام سے عوام کے رابطے کو فروغ دیتا ہے پاک چین رشتہ باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر قائم ہے۔ بلاشبہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اور بیلٹ روڈ انیشی ایٹو جیسے منصوبوں کی بدولت پاکستان کی معیشت مستحکم اور عوام خوشحالی کے راہ پر گامزن ہے جو دونوں ممالک کی دوستی کے فروغ کی علامت ہے۔ پاک چین دوستی زندہ باد
No comments