عام انتخابات کے لیے تیار ہیں،الیکشن کمیشن
سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن تیار ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات 60 روز میں ہوں یا 90 روز میں ہم تیار ہیں۔انتخابی اصلاحات کمیٹی کو 60 سے زائد سفارشات دی تھیں۔ہماری تقریباَ تمام سفارشات مان لی گئیں۔
جب کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے سال 2022-23 کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ سیاسی جماعتیں اکتیس اگست تک اکاونٹس کی تفصیلات جمع کرائیں،الیکشن کمیشن کے مطابق یہ تفصیلات چارٹرڈ اکاونٹنٹ کی آڈٹ شدہ ہونی چاہئے۔سیاسی جماعتیں سالانہ آمدن،اخراجات اور اثاثے ظاہر کریں گی،کوئی فنڈز ممنوعہ ذرائع سے حاصل نہ کیا گیا ہو۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے ووٹرز کے اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں۔
کل ووٹروں کی تعداد 12 کروڑ 60 لاکھ 66 ہزار 874 تک پہنچ گئی جس میں مرد ووٹروں کی کل تعداد 6 کروڑ 80 لاکھ 99 ہزار 615 جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد 5 کروڑ 79 لاکھ 67 ہزار 259 ہو گئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پیر کو جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں ووٹروں کی کل تعداد 7 کروڑ 16 لاکھ 6 ہزار 379، سندھ میں ووٹروں کی کل تعداد 2 کروڑ65 لاکھ 29 ہزار 136، خیبرپختونخوا میں 2 کروڑ 16 لاکھ 21 ہزار 211 ، بلوچستان میں 52 لاکھ 74 ہزار 761 جبکہ اسلام آباد میں 10 لاکھ 35 ہزار 387 ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔
یہ اعداد و شمار 20 جون 2023ء کے ہیں۔ کمیشن کی جانب سے ضلع وائز جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں ووٹروں کی کل تعداد 45 ہزار 494 ہے۔ پشاور میں ووٹرو ں کی کل تعداد 20 لاکھ 45 ہزار 792 ، لاہور میں ووٹروں کی کل تعداد 66 لاکھ 47 ہزار 270، فیصل آباد میں ووٹروں کی کل تعداد 51 لاکھ 81 ہزار 937 ، راولپنڈی میں 35 لاکھ 19 ہزار 245 ، کراچی میں سب سے زیادہ ضلع کراچی سنٹرل میں 21 لاکھ 3 ہزار 643 ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق18 سے 25 سال کے ووٹروں کی کل تعداد 2 کروڑ 35 لاکھ 26 ہزار34، 26 سے 35 سال کے ووٹروں کی کل تعداد 3 کروڑ 26 لاکھ 70 ہزار 545، 36 سے 45 سال کے ووٹروں کی کل تعداد 2 کروڑ 77 لاکھ 66 ہزار970، 46 سے 55 تک کی عمر کے ووٹروں کی کل تعداد 1 کروڑ 81 لاکھ 19 ہزار968، 56 سے 65 سال کی عمر کے ووٹروں کی کل تعداد ایک کروڑ 18 لاکھ92 ہزار 635 جبکہ 66 سال یا اس سے زیادہ کے ووٹروں کی کل تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ 90 ہزار 816 ہے۔
No comments