عمران خان نے کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان حفاظتی ضمانت کے لیے کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے، عمران خان کے پولیٹیکل سیکریٹری نے بھی سابق وزیراعظم کی لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عمران خان کی سکیورٹی کلیئرنس کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے انتظامی جج عابد عزیز شیخ کو درخواست دے دی ہے، درخواست موقف دیا گیا کہ عمران خان کی زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر پیشی پر سیکیورٹی کلیئرنس کروائی جائے، ایڈمنسٹریٹو جج کی طرف سے سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد عمران خان ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔
خیال رہے کہ عمران خان نے اسلام آباد میں درج مقدمے پر حفاظتی ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس پر لاہور ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بینچ نے عمران خان کو پیر تک پیش ہونے کی مہلت دی تھی۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہر صورت عدلیہ کے تقدس کی حفاظت کریں گے، ملکی معیشت پہلے ہی برباد کر دی گئی ہے اب الیکشن نہ کروا کر آئین شکنی کے مرتکب بھی ہو رہے ہیں، اپنی آئین شکنی بچانے کیلئے امپورٹڈ حکومت عدلیہ پر حملہ آور ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔

No comments