بی جے پی کو دہلی میں شکست،عام آدمی پارٹی نے میدان مارلیا
بھارتی دارالحکومت کے شہریوں کی امید وں کے عین مطابق عام آدمی پارٹی کی امیدوار شیلی اوبرائے دہلی کی نئی میئر منتخب ہو گئی ہیں۔ جبکہ ہندو انتہا پسند اورمسند اقتدار پر براجمان بی جے پی کو عبرتناک شکست ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شیلی اوبرائے نے بی جے پی امیدوار ریکھا گپتا کو شکست دی ہے۔ میئر کے انتخاب کے لیے چوتھی مرتبہ بلائے گئے ایوان میں ووٹنگ پرامن طریقے سے ہوئی۔ اس دوران نہ کوئی احتجاج ہوا اور نہ ہی کوئی نعرہ بازی۔ ووٹنگ صبح تقریباً 11.30 بجے شروع ہوئی اور 2 گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔ کل 10 نامزد ارکان پارلیمنٹ، 14 نامزد ارکان اسمبلی اور دہلی کے 250 منتخب کونسلروں میں سے 241 نے میئر کے انتخاب میں ووٹ ڈالے۔ کانگریس کے 9 منتخب کونسلروں نے میئر کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا ہے۔
دہلی کے ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا نے اعلان کیا کہ عام آدمی پارٹی امیدوار شیلی اوبرائے دہلی کی میئر بن گئی ہیں۔ سسودیا نے ٹوئٹ کیا، "عام آدمی پارٹی کے تمام کارکنوں کو دہلی میونسپل کارپوریشن کا میئر بننے پر بہت بہت مبارکباد اور ایک بار پھر میں دہلی کے لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ @OberoiShelly، AAP کے پہلی میئر کو بہت بہت مبارک ہو۔"

No comments