سکول و کالج کے طلبہ میں نشہ کی جانچ کیلئے مہم جاری
لاہور میں طلبہ میں نشہ کی جانچ کے لیے رینڈم سیمپلنگ مہم جاری ہے اور سرکاری و نجی سکولوں سے 215نمونے حاصل کر کے محکمہ صحت کو بھجوا دیئے گئے جبکہ تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون بھی تیز کرتے ہوئے خاتون سمیت 03منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 1500 گرام آئس،1860گرام چرس برآمد کر لی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ تحصیل سٹی سے 50، شالیمار 50اور رائے ونڈ سے 50 نمونے لیے گئے۔تحصیل ماڈل ٹان 52، جبکہ کینٹ کے تعلیمی اداروں سے 13نمونے لیے گئے۔کڑی نگرانی اور بہتر کوارڈی نیشن کے لیے اے ڈی سی جی ذیشان رانجھا کو سمپلنگ مہم کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
تمام سیمپلز تجزیے کے لیے محکمہ صحت کی لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں،نمونے لینے کے ساتھ آگہی لیکچر کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے،رینڈم سیمپلنگ کے علاوہ منشیات فروشوں پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔رافعہ حیدر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف میں واقع دکانوں کی خصوصی سکریننگ بھی کی جارہی ہے، سکولوں میں منشیات سے متعلق چھان بین میں اب تک کوئی مشکوک سرگرمی رپورٹ نہیں ہوئی، نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے۔

No comments