خوردنی تیل اور گھی کے نرخوں نے بھی بلند پرواز شروع کردی
خوردنی تیل اور گھی کے نرخوں نے بھی بلند پرواز شروع کردی، ایک ماہ کے دوران نرخوں میں 155 روپے کلو تک کا اضافہ ہونے کے باوجود اِن کی قلت کا خدشہ بھی سر اُٹھانے لگا۔
سبزی بے تحاشا مہنگی ،گوشت اور انڈے خواب و خیال تو دالوں کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ،اگر کچھ خرید بھی لیا جائے تو اِنہیں پکانے کا مرحلہ بھی مشکل تر ہو گیا ہے کہ اب کوکنگ آئل اور گھی کے نرخوں نے بھی صارفین کو آنکھیں دکھانا شروع کردی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مختلف برانڈزکے گھی اور کوکنگ آئل کے نرخوں میں صرف ایک ماہ کے دوران 155 روپے فی کلو تک کا اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے، ایک ماہ کے دوران درجہ اول کے خوردنی تیل کے نرخ 525 سے 680 اوردرجہ دوم خوردنی تیل کے نرخ 440 سے585 روپےفی لٹرتک پہنچ گئے ہیں۔
درجہ اول گھی کے نرخ ایک ماہ کے دوران 510 سے بڑھ کر 660 اور درجہ دوم گھی کے نرخ 430 سے 570روپے کلو تک جا پہنچے ہیں، اِس پر بھی مستزاد یہ کہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے اِن کی قلت بھی محسوس کی جانے لگی ہے۔

No comments