آڈیو ویڈیو لیکس:عمران خان نے چیف جسٹس سمیت سپریم کورٹ کے تمام ججز کو خط لکھ دیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےغیرمصدقہ آڈیواور ویڈیولیکس کے تدارک کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان سمیت سپریم کورٹ کے تمام ججز کو تفصیلی خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے معاملے پر گزشتہ سال اکتوبر میں دائر آئینی درخواست فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعاکی گئی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی نے آرٹیکل 14 کے تحت شہریوں کے پرائیویسی کے حق کے تحفظ کیلئے اقدامات کی بھی استدعاکی ہے۔عمران خان نے معاملے کے حوالے سے 8 اہم ترین سوالات بھی چیف جسٹس اور ججز کے سامنے رکھ دیے۔

عمران خان نے لکھاہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے مشکوک اور غیرمصدقہ آڈیوز/ویڈیوز کےمنظرِ عام پر آنےکا سلسلہ جاری ہے،منظرِعام پر آنے والی مبینہ آڈیوز/ویڈیوز مختلف موجود و سابق سرکاری شخصیات اور عام افراد کے مابین گفتگوؤں پر مبنی ہیں،منظرِعام پر آنے والی آڈیوز/ویڈیوز غیرمصدقہ مواد پر مشتمل ہوتی ہیں، ان آڈیو/ویڈیوز کو تراش خراش اور کاٹ چھانٹ کرکے ڈیپ فیک سمیت دیگر جعلی طریقوں سے تیار کیا جاتا ہے۔

چند ماہ پہلے بعض ایسی آڈیوز منظرِعام پر آئیں جن کے مواد سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ وزیراعظم کے دفتر/ہاؤس سے متعلق تھیں،ان آڈیوز سے تاثر ملتا ہے کہ وزیراعظم کے دفتر/ہاؤس کی خفیہ نگرانی  یا یہاں ہونے والی بات چیت کی خفیہ ریکارڈنگز ایک معمول تھا،ایوانِ وزیراعظم بلاشبہ ریاست کا حساس ترین ایوان ہے جہاں قومی حساسیت کے حامل معاملات پر تبادلۂ خیال کیا جاتا ہے۔

No comments

Powered by Blogger.