زمبابوے نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیدی
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں زمبابوے نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر 80 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا ۔
زمبابوے کے 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور قومی ٹیم کے 6 کھلاڑی 60 رنز پر آؤٹ ہوچکے تھے۔ میچ کے 21 اوور مکمل ہوئے تھے کہ بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا اور مسلسل بارش کے باعث میچ کو ختم کرنا پڑا۔
ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر زمبابوے نے پاکستان کو80 رنز سے شکست دے دی۔
اس سے قبل پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستان کی جانب سے فیصل اکرم نے ڈیبیو کیا۔
زمبابوے کی ٹیم 40.2 اوورز میں 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، قومی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فیصل اکرم اور سلمان علی آغا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ عبداللہ شفیق نے ایک بیٹر کو رن آؤٹ کیا۔اس کے علاوہ عامر جمال اور محمد حسنین نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین لوٹایا۔
206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر صائم ایوب 11 اور عبداللہ شفیق ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کامران غلام 17رنز بناسکے جب کہ سلمان آغا 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 49 رنزپرگری اور قومی ٹیم کے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی حسیب اللہ تھے جو صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ58 رنزپرگری جب کہ عرفان خان 7 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد مزید 2 رنز کے اضافے کے بعد بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔ کپتان محمد رضوان 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ان کے ساتھ وکٹ پر عامر جمال موجود تھے جو کہ کوئی رنز نہ بناسکے۔
پاکستان کی فائنل الیون میں صائم ایوب ، عبداللہ شفیق،کامران غلام ، محمد رضوان ، حسیب اللہ ، سلمان آغا اور عرفان خان شامل تھے۔اس کے علاوہ عامر جمال ، حارث رؤف، محمد حسنین اور فیصل اکرم بھی فائنل الیون کا حصہ تھے۔
ون ڈے سیریز کے تمام میچ جیوسوپر سے براہ راست نشرکیے جارہے ہیں۔
No comments