اڈیالہ جیل آنے اور جانے والے تمام راستے سیل
پاکستان تحریک انصاف کے آج کے احتجاج کے پیش نظر اڈیالہ جیل راولپنڈی آنے اور جانے والے تمام راستوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آج احتجاج کی کال دی گئی ہے۔ مظاہرین کو روکنے کے لیے جہاں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں، سڑکوں، موٹر ویز کو بند کیا گیا ہے، وہیں اڈیالہ جیل آنے اور جانے والے تمام راستوں کو بھی مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
پنڈی انتظامیہ نے مرکزی شاہراہ اڈیالہ روڈ کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے جب کہ جیل جانے والے راستے پر کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے اڈیالہ روڈ پر بازار بھی بند کرا دیا ہے۔ راستوں، بازاروں کی بندش اور رکاوٹیں کھڑی کیے جانے کے باعث مذکورہ اور متصل علاقوں کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے اطراف کسی احتجاج کی اجازت نہیں ہے اور جیل میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے یہ تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔
No comments