پنجاب پھر ترقی کی راہ پر

گزشتہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی بلا شبہ عوام نے خدمت، دیانت اور امانت کی سیاست کو کامیاب کرایا۔الیکشن کے دوران پاکستان مسلم لیگ نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ محنت، دیانت اور خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے جائیں گے اور پاکستان کو توانائی کے بحران سمیت کرپشن، غربت، بیروزگاری اور دیگر مسائل سے نجات دلا کرصحیح معنوں میں ایشیئن ٹائیگر بنایا جائے گا۔ صوبہ پنجاب میں یہ ذمہ داری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حصے میں آئی جو بلاشبہ دن رات اس کو مثالی اور قابل رشک صوبہ بنانے کے لیے صدق دل سے سعی کر رہی ہیں۔ عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کااظہارکرتے ہوئے مسائل سے نجات دلانے کا جو مینڈیٹ صدرپاکستان مسلم لیگ ن محمدنوازشریف کو دیا تھا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے تندہی،محنت اور سچے جذبے سے کام کیا ہے۔ پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی سربراہی میں تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں جامع اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔ پنجاب حکومت کی طرف سے صوبے میں انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ کی بہتری کے ساتھ ساتھ زراعت اور لائیوسٹاک کی ترقی کے لئے بھی نمایاں اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

نوجوان طبقہ بجا طور پر کسی بھی ملک کی ترقی میٍں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ان کی توانائیوں کو مثبت سمت فراہم کی جائے نہ کہ انہیں جلاؤ گھیراؤ کی منفی سیاست میں ملوث کر کے ان کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا جائے۔ حکومت پنجاب نے صوبے سے غربت کے خاتمے اور بے روزگار نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لیے بلا سود چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں صوبے کے ہزاروں نوجوانوں کو کروڑوں روپے کی مالیت کے آسان شرائط پر قرضے دیئے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس اقدام سے نہ صرف مہنگائی اور بیروزگاری کے عفریت سے جان خلاصی ممکن ہو پائے گی بلکہ نوجوان نسل کوباعزت روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ جہاں پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں ڈگری لیول کے طالب علموں کو سستی سواری کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیاہے جس کے تحت 27ہزارسے زائد طلباء و طالبات کو 19ہزار پٹرول بائیکس اور 8ہزار سے زائدالیکٹریکل بائیکس فراہم کی جا رہی ہیں وہیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے معذور افراد کی بحالی کی طرف ایک اور فلاحی اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے معاشرے کے کمزور اور پسے ہوئے معذور طبقے کے لئے 2000 ملین سے زائدکی لاگت سے ہمت کارڈ کا اجرا عمل میں لائی ہیں۔ اس فلاحی پروگرام کا مقصد نہ صرف معذور افراد میں خوداعتمادی پیدا کرنا ہے بلکہ ان میں یہ احساس بھی پیدا کرنا ہے کہ وہ معاشرے پربوجھ نہیں وہ ہمارے بہن بھائی ہیں اور ان کی فلاح،بہبود اور مدد حکومت وقت پر فرض ہے۔جہاں ایک طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لیے کسان کارڈ، عوام کو صحت عامہ کی جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے ہیلتھ کارڈاور چلڈرن ہارٹ سرجری جیسے عوامی اور فلاحی منصوبوں کا آغاز کیاہے۔ وہیں دوسری طرف لوگوں کو گھر جیسی نعمت مہیا کرنے کے لیے اپنا گھر اپنی چھت کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت مستحق افراد میں آسان اقساط پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے ایک پروقار تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں صدر پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے شرکت کی۔صدر مسلم لیگ ن محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام کے تحت قرض کے لئے اہل قرار پانے والے خوش نصیبوں کو اپنے ساتھ بیٹھایا یہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ آج بھی مسلم لیگ ن کی سیاست عوام سے جڑی ہوئی ہے۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام 5 سال میں 7 سو ارب روپے کا میگا پراجیکٹ ہے اور مسلم لیگ ن کے دیگر منصوبوں کی طرح اس میں بھی میرٹ اور شفافیت کو فوقیت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت تمام اضلاع میں یکساں قرض دیے جارہے ہیں ماضی کے برعکس جس طرح گزشتہ دور حکومت میں چند ناتجربہ کار اورناعاقبت اندیش سیاستدانوں نے  صوبے کے تمام وسائل کا رُخ چند شہروں کی طرف موڑکردوسرے شہروں میں احساس محرومیت کو پروان چڑھایا وزیر اعلی پنجاب اس سوچ کے سخت خلاف ہیں اور صوبے کے تمام شہروں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہیں۔وزیر اعلی نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ صوبے کے وسائل پرنہ صرف صوبے کے لوگوں کا حق ہے بلکہ پنجاب بڑا بھائی ہونے کا فرض ادا کرتے ہوئے دیگرصوبوں کے بہن بھائیوں کو بھی ترقی کے ثمرات سے مستفید کرے گااور مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کے وسائل عوام پر ہی خرچ کرے گی۔

یہ بات تو روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ حکومت پنجاب ہو یا حکومت پاکستان، مریم نواز شریف ہو یا محمد شہباز شریف، ویژن صرف نوازشریف کا ہی ہوتا ہے - پاکستان کی ترقی کا خواب جو 1980 میں شروع ہوا لا تعداد رکاوٹوں کے باوجود جاری و ساری ہے جس کا عملی ثبوت مریم نواز کے مذکورہ بالا ترقیاتی پراجیکٹس ہیں جو محتاج بیان نہیں۔

عوامی خدمت کے یہ تمام منصوبے چاہے وہ اپنی چھت، اپنا گھر ہو، کسان کارڈ ہو، ہیلتھ کارڈ ہو، طالب علموں کو بائیکس کی فراہمی ہو یہ تمام صدرپاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف کا ویژن ہیں، جس کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عملی جامہ پہنایا ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں مگر عوام تک اس کے ثمرات پہنچانے کا احساس صرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کیا اور صوبہ پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نمایاں کمی کے احکامات جاری کئے جس سے شہریوں کو آمدورفت کے سستے ذرائع میسر آ رہے ہیں۔ کہتے ہیں عملوں کا دارومدار نیتوں پر ہوتا ہے نیک نیتی سے کوئی بھی کام شروع کیا جائے اس کا نتیجہ اچھا ہی ہوتا ہے اور جب مقصد اور مطمع نظر عوام کی خدمت  اور بھلائی کی خاطرکام کرنا ہو تو بلاشبہ اللہ تعالیٰ بھی مددفرماتے ہیں۔ بلاشبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جس محنت اور نیک نیتی سے عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر سیاست کے کارزار میں اتری ہیں اس کی مثال ماضی قریب میں تو فی الحال نظر نہیں آتی۔نواز شریف کے ویژن اور خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مریم نواز شریف دن رات محنت کررہی ہیں۔ ملک میں مہنگائی کی شرح کم ہو رہی ہے اور تمام اشارئیے اس بات کی طرف اشارہ کر رہے ہیں کی ملک کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

No comments

Powered by Blogger.