بہار:مندر میں پوجا کے دوران بھگدڑ مچنے سے 7 افراد ہلاک
بھارتی ریاست بہار میں ہندوؤں کی ایک مقدس پہاڑی پر واقع ایک مندر میں ہونے والی سالانہ پوجا کے وقت بھگدڑ سے درجنوں پجاری قدموں تلے کچلے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے جہان آباد ضلع کے بابا سدھیشور ناتھ مندر میں سالانہ پوجا پاٹ کی تقریب جاری تھی۔ اس دوران ملک بھر سے آمنے والے پجاریوں اور مندر کے باہر پھول بیچنے والوں کے درمیان قیمت پر تلخ کلامی ہوگئی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ پولیس دکانداروں اور پجاریوں کے درمیان لڑائی کو ختم کرانے میں ناکام ثابت ہوئی اور لاٹھی چارج کردیا جس سے افراتفری مچ گئی اور درجنوں لوگ کچلے گئے۔
ایمبولینسوں میں درجنوں افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ 9 زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرلیا گیا۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس سانحے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے لیے فی کس 4 لاکھ روپے امدادی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔

No comments