یونس خان کو باب وولمر کی یاد ستانے لگی

 

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ اگر باب وولمر  ہوتے تو آج  پاکستان کرکٹ بہت مختلف ہوتی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام  میں گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ آنجہانی باب وولمر سے متعلق سوال پر یونس خان کا کہنا تھا کہ ان کی  باب وولمر سے بہت اچھی دوستی تھی، ہم ہر میچ کے بعد ایک ساتھ بیٹھتے اور کھیل سے متعلق بات کرتے تھے۔

ورلڈکپ 2007 میں  آئرلینڈ سے شکست اور کوچ باب وولمر کے انتقال سے متعلق بات کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ  آئرلینڈ کے خلاف میچ میں وہ صفر پر آؤٹ ہوئے، انہیں اس پر  بہت شرمندگی تھی، اس  لیے اس دن ہم ایک ساتھ نہ بیٹھے، صبح 11 بجے ہمیں اطلاع ملی کہ ان کا انتقال ہوگیا ہے۔

اس موقع پر یونس خان کا کہنا تھا کہ اگر باب وولمر  ہوتے تو آج پاکستان کی کرکٹ بہت مختلف ہوتی۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ باب وولمر کی موت کے بعد ویسٹ انڈین حکام کی جانب سے ہمیں ایک دوسرے  جزیرے پر منتقل کردیا گیا تھا جہاں پولیس نے 3 دن تک تمام کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کی، مختلف ٹیسٹ ہوئے، یہ ہم سب کے لیے اذیت سے کم نہیں تھا۔

No comments

Powered by Blogger.