پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی
پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں یکم سے 12 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے،دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفیکشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام تک ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے صوبے میں نئے ہجری سال کے آغاز پر عام تعطیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی حکومت کے فیصلے کے تحت یکم محرم الحرام یعنی 20 جولائی بروز جمعرات کو صوبے بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ جبکہ 1444 ہجری اپنے اختتامی لمحات میں داخل ہو گیا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق ہجری 1445 کے چاند کی پیدائش ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام 1445 ہجری کے چاند کی پیدائش 17 جولائی کی رات 11 بج کر 32 منٹ پر ہو چکی ہے، تاہم ملک بھر میں منگل کے روز کہیں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا تھا۔
محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں طلب کیا گیا تھا،مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کے ممبران،وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو،محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ جبکہ پورے ملک میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز اسلام آباد،لاہور،کراچی اورپشاورمیں منعقد کیے گئے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہا، تاہم اس دوران ملک کے کسی حصے سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی تھی۔
No comments