بیرون ملک مختلف جیلوں میں 12 ہزار سے زیادہ پاکستان قیدی موجود
بیرون ممالک کی مختلف جیلوں میں 12 ہزار سے زائد پاکستانی قیدی موجود ہیں جنہیں مختلف الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ بات جمعرات کو شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفقہ سوالات کے دوران پیش کردہ دستاویزات میں بتائی گئی ہے۔ اجلاس کی صدارت سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کی ، اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں 3100 اور سعودی عرب کی جیلوں میں 3100 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔ ابوظہبی کی جیلوں میں 1612 اور دبئی کی جیلوں میں 1488 پاکستانی قیدی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق قطر کی جیلوں میں 209، ترکی کی جیلوں میں 329 اور یونان کی جیلوں میں 811 ، عراق کی جیلوں میں 672 ، منامہ کی جیلوں میں 208، اسپین کی جیلوں میں 115، چین کی جیلوں میں 239 ،جرمنی کی جیلوں میں 119 ،آسٹریلیا کی جیلوں میں 44 اور امریکہ کی جیلوں میں 98 ، ملائیشیا کی جیلوں میں 151، کویت کی جیلوں میں 55 ، برطانیہ کی جیلوں میں 275، ڈنمارک کی جیلوں میں 32، سری لنکا کی جیلوں میں 94، مالدیپ کی جیلوں میں 21، افغانستان کی جیلوں میں 13، اردن کی جیلوں میں 12 اور نائجیریا کی جیلوں میں 8 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔تاہم ان تفصیلات میں بھارت میں طویل عرصے سے قید پاکستانی شہریوں کی تعداد کا ذکر نہیں ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں الوداعی خطاب میں بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہمیشہ کنٹرول ڈپلومیسی رہی ہے، نو مئی کو بلوچستان میں وہ نا خوشگوار واقعات نہیں ہوئے جو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہوئے،ناراض بلوچوں کیساتھ ڈائیلاگ کیا جائے،ناراض لوگوں اور راولپنڈی میں اعتماد کا فقدان ہے۔مو لا نا فضل ا لر حمن مفاہمت کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ میری نئی اسٹیبلشمنٹ سے درخواست ہے کہ بلوچستان کے عوام کو اپنی مرضی کی حکومت بنا نے کا موقع دیں۔ دریںا ثنا قومی اسمبلی کے اجلاس میں جمعرات کے روز کئی بل پیش کئے گئے قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔
یہ تمام بل وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پیش کئے۔ اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی ترمیمی بل2023 ایوان میں متعارف کروادیا گیا۔پریس کونسل آف پاکستان ترمیمی بل2023 بھی ایوان میں متعارف کروادیا گیا۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ری آرگنائزیشن بل2023 ،دی گنز اینڈ کنٹری کلب ترمیمی بل2023 ایوان میں متعارف کروایا دیا گیا،آرکائیومیٹیریل تحفظ و برآمدات کنٹرول ترمیمی بل2023 ،دی نیشنل آرکائیوز ترمیمی بل2023 اورایپو سٹائل تر میمی بل2023 بھی پیش کیا گیا،کشور زہرہ نے زکواۃ و عشر ( ترمیمی ) بل2023پر قائمہ کمیٹی بر ائے تخفیف غربت ڈویژن کی رپورٹ ایوان میں پیش کیا۔ شگفتہ جمانی نے متروکہ وقف املاک ( انتظام و فروخت ) (ترمیمی) بل2023پر قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کی رپورٹ پیش کی، قومی اسمبلی کے رکن محسن داوڑ نے وڈھ کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا، اجلاس میں پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی بل 2022 اور پاکستان سول ایوی ایشن بل 2022 متفقہ طور پر منظور ہوگئے،خواجہ سعد رفیق نے کہا کسی کو ملازمت سے نکالا نہیں جائے گا، دنیا بھر میں ائیرپورٹس آؤٹ سورس ہوچکے ہیں۔وفاقی وزیر انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے غیرملکی سازشیں کارفرما ہوتی ہیں، کشمیر میں بھارت اور فلسطین میں اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کسی کو نظر نہیں آتیں، ہالینڈ اور سویڈن میں اگر قرآن پاک اور نبی پاکؐ کی توہین کا ارتکاب ہوتا ہے تو اسے وہ آزادی اظہار رائے کا نام دیتے ہیں۔
No comments