دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 21 رنز سے شکست دیدی
پی ایس ایل 8 کے 20 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 21 رنز سے شکست دیدی۔ لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ لاہور قلندرز کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر سیم بِلنگز 54 اور عبداللہ شفیق 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مرزا بیگ 17، سکندر رضا 14اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ڈیوڈ ویزے 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے انور علی، احسان اللہ، عباس آفریدی اور کیرون پولارڈ نے 2،2 جبکہ ثمین گل نے 1 وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے بیٹر نے محتاط آغاز کیا، لیکن راشد خان کی بولنگ کے آگے سلطانز کے بیٹرز بےبس دکھائی دیے۔
کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے 48 رنز کا آغاز فراہم کیا، لیکن اس اسکور پر 19 رنز بنانے والے شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد 30 رنز بنانے والے محمد رضوان 64 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔ اسامہ میر 17، رائیلی روسوو 12، خوشدل شاہ 10 جبکہ ڈیوڈ ملر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کیرون پولارڈ نے 39 اور انور علی نے 17 رنز بنا کر لاہور قلندرز کے بولرز کے سامنے مزاحمت کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بےمعنی ثابت ہوئی اور سلطانز کو 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ کے پہلے میچ میں قلندرز 1 رن سے فاتح ٹھہرے تھے۔ ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ بحیثیت ٹیم جیت کے لیے اچھا کھیلنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم شروع سے بیٹنگ کر رہے ہیں اس لیے بیٹنگ ہی کرتے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں میدان میں اتر رہی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، طاہر بیگ، عبداللّٰہ شفیق، سیم بلنگز، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔ ملتان سلطانز میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود، رائیلی روسو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، ثمین گل اور احسان اللّٰہ کھیل رہے ہیں۔

No comments