وفاقی دارالحکومت میں 120 دن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم

 اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں 120 دن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکومت اور الیکشن کمیشن کی اپیلوں پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت نے سماعت کی۔ ڈی جی لاء الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد بلدیاتی انتخانات سے متعلق رپورٹ جمع کرائی گئی،عدالت نے وفاقی حکومت کو یوسیز کی تعداد بڑھانے سے روک دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ مستقبل میں یوسیز کی تعداد بڑھانا ہو تو شیڈول سے پہلے یہ کام کرنا ہو گا،عدالت نے وفاقی حکومت کو حلقہ بندیوں کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 125 یوسیز پر 120 دن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق اپیلیں نمٹا دیں۔ یاد رہے کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کرانے کے فیصلے کیخلاف وفاق نے عدالت میں انٹراکورٹ اپیل دائر کی تھی۔

وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف وفاقی حکومت نے عدالت میں انٹراکورٹ اپیل دائر کی،وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اپیل دائر کی۔ انٹرا کورٹ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور حتمی فیصلے تک سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کیا جائے۔

No comments

Powered by Blogger.