جیل بھروتحریک:تحریک انصاف کیجانب سے راولپنڈی میں گرفتاریاں دینے کی تیاریاں
جیل بھرو تحریک کے تیسرے روز آج راولپنڈی سے پی ٹی آئی کے سیاسی کارکن اور پارٹی رہنما گرفتاریاں پیش کریں گے۔ جس کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی کال پر ملک گیر جیل بھرو تحریک کا آج تیسرا روز ہے۔ لاہور اور پشاور کے بعد آج اہلِ راولپنڈی جیلیں بھرنے کیلئے نکلیں گے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں جیل بھرو تحریک کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق عامر محمود کیانی، شیخ رشید احمد، غلام سرور خان، واثق قیوم عباسی، عمر تنویر بٹ، آصف محمود، شیخ راشد شفیق، راجہ راشد حفیظ سمیت اراکین پارلیمان قیادت کریں گے۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے ریلیوں کی صورت میں کارکنان اور عوام مرکزی مقام پر جمع ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق قائدین آج بعد از نمازِ جمعہ سہ پہر تین بجے راولپنڈی کے کمیٹی چوک میں جمع ہوں گے۔ راولپنڈی کے کمیٹی چوک سے قائدین اور کارکنان خود کو گرفتاری کیلئے پیش کریں گے۔

No comments