توشہ خانہ کیس:نیب ٹیم عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک پہنچ گئی
توشہ خانہ کیس میں نیب ٹیم طلبی کے نوٹس پر دستخط کرانے عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک پہنچ گئی، نیب ٹیم طلبی کے نوٹس پر دستخط کرانے آئی تھی۔ جیو نیوز کے مطابق زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائشگاہ پر نیب ٹیم کی آمد ، عمران خان کے وکیل نے نوٹس وصول کرلیا ہے۔ نیب ٹیم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو طلبی کے نوٹس پر دستخط کرانے آئی تھی۔
یاد رہے نیب اسلام آباد نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 9 مارچ کو طلب کررکھا ہے۔یاد رہے نیب نے توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کیلئے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 9 مارچ کو طلب کررکھا ہے۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 9 مارچ کی صبح نیب راولپنڈی میں طلب کیا گیا، نیب کے نوٹس میں عمران خان سے توشہ خانہ سے لیے گئے 7 تحفوں کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔
نوٹس میں شامل تحفوں میں 6 رولیکس گھڑیوں کا سوال پوچھا گیا۔ اس کے علاوہ قطری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کے دیے گئے ایک آئی فون کے بارے میں بھی سوال شامل ہے۔نیب ذرائع کے مطابق توشہ خانہ کیس میں7 مارچ کو تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو بھی طلب کیا گیا ہے جبکہ فواد چوہدری کو 8 مارچ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح نیوزایجنسی کے مطابق توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کی گرفتاری کی تیاری کر لی گئی ہے۔
اس سلسلے میں اسلام آباد میں ایف آئی اے کی خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیئے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ خصوصی ٹیمیں لاہور روانہ کرنے کے لئے ایف آئی اے میں ہلچل ہے اور گرفتاری کے لئے خواتین پولیس کی نفری سے بھی مدد لی جائے گی۔ عمران خان اور بشری بی بی کی لاہور میں موجودگی کی معلومات حاصل کر لی گئیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ممکنہ مزاحمت سے نمٹنے کی پیشگی تیاری بھی کی جا رہی ہے اور گرفتاری کے بعد عمران خان اور بشری بی بی کو راولپنڈی منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔

No comments