مریم نواز کا تنظیمی کنونشن سے خطاب،مہنگائی کا دوسرا نام عمران خان قرار دیدیا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے مہنگائی کا دوسرا نام عمران خان قرار دیتے ہوئے کہا ہے عمران خان اور مہنگائی خان کو اکھٹے اٹھا کر باہر پھینکیں گے، گرفتاری دینے کے لیے شیر کا جگر چاہیے۔
انہوں نے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ نواز شریف خدمت میں مصروف رہا اور وہ گھڑیاں چوری کرنے میں مصروف رہا، عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدے کی صورت میں بارودی سرنگیں بچھائیں، القادر یونیورسٹی میں عمران خان نے قوم کو 50 کروڑ کا ٹیکہ لگایا، رنگ روڈ منصوبے میں بھی کرپشن کی۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی پنڈی سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، نوازشریف نے اقتدار میں آکر موٹر وے کا افتتاح راولپنڈی سے کیا، کھیلوں کے میدان نوازشریف کے دور میں آباد ہوئے، پنڈی کا ہر منصوبہ نواز شریف اور شہباز شریف کی محبت کی گواہی دے رہا ہے لیکن ایک ایساحکمران بھی رہا جو چار سال چھپ کر بنی گالہ میں رہا۔
انہوں نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا 24 ہزار ارب کا قرضہ لے کر راولپنڈی میں ایک بھی منصوبہ نہیں لگایا، جب جب نواز شریف کو ملک ملا تیزی سے نیچے جاتا ہوا پاکستان ملا، مشکلات پیدا کر کے کوئی اور جاتا ہے اور اس کو ٹھیک کر کے نواز شریف جاتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جب نواز شریف ٹھیک کر دیتا ہے تو اس کو کہتے ہیں چلو بھائی! چھٹی کرو، اس ملک سے نکل جاؤ، نواز شریف اس ملک کا بیٹا ہے اور ادھر ہی واپس آئے گا لیکن پہلے یہ بتاؤ بار بار ملک چھوڑ کر نواز شریف کو جانا کیوں پڑتا ہے؟ ہمارے لوگ کہتے ہیں ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں مہنگائی سے ہے، مہنگائی خان کا دوسرا نام عمران خان ہے، عمران خان اور مہنگائی کو اکھٹے اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں ن لیگ کے پاس نوجوان نہیں ہیں لیکن اس الیکشن میں پتا چلے گا کہ ن لیگ کے پاس نوجوانوں کی سب سے بڑی فوج ہے، نوازشریف کے دور میں روٹی 5 روپے اور آٹا 35 روپے فی کلو تھا، آئی ایم ایف سے شہباز شریف اور اسحاق ڈار مذاکرات کر رہے تھے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا آئی ایم ایف کے آگے عمران خان کو نہیں بٹھاناچاہیے؟ عمران خان آئی ایم ایف معاہد ے کی شکل میں بارودی سرنگیں بچھا کر گیا، شہبا ز شریف دن رات ایک کر کے وہ بارودی سرنگیں چن رہا ہے۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ اس وقت ملک بحرانوں میں ہے، معیشت صرف بنی گالہ اور زمان پارک کی ٹھیک ہوئی ملک کی بیڑہ غرق ہوگئی، معیشت کو ٹھیک ہوتے ہوتے چند سال لگیں گے، مسلم لیگ ن کے علاوہ کوئی اور معیشت ٹھیک نہیں کر سکتا، ایک ایک فائل پر دستخط کے عوض 5،5 قیراط کی انگوٹھیاں مانگی گئیں، یہ ملک کو لوٹنے پر لگے تھے تو اسی وجہ سے آج ملک کا یہ حال ہے، نواز شریف کو اس قوم کا درد ہے، ان کی کارکردگی صفر تھی۔

No comments