چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ،2 سکیورٹی اہلکار شہید،2زخمی
شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے، دہشت گرد حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے، اس حملے میں جام شہادت نوش کرنے والوں کی شناخت سپاہی افضل اور سپاہی عمران کے ناموں سے ہوئی جب کہ زخمی سپاہی شہزاد اور سپاہی رضوان کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری طرف ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشتگردوں کی کمر توڑنے پر اتفاق کرلیا گیا، نیکٹا اور سی ٹی ڈی کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے گا، اس ضمن میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی اندرونی بیرونی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

No comments